اسلام آباد ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے غریب افراد کو سستے گھروں کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہروں میں کچی بستیوں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر سے غریب اور پسے ہوئے طبقے کی رہائش کا مسئلہ حل ہوگا، تمام وزارتوں کی زیر ملکیت املاک کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنے …
سرکاری املاک کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنے سے متعلق قوانین میں ترمیم کی تجاویز ایک ہفتے میں کابینہ میں پیش کی جائیں، وزیر اعظم عمران خان

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 12 دسمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے غریب افراد کو سستے گھروں کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، شہروں میں کچی بستیوں میں کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر سے غریب اور پسے ہوئے طبقے کی رہائش کا مسئلہ حل ہوگا، تمام وزارتوں کی زیر ملکیت املاک کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنے سے متعلق قوانین میں ترمیم کے لئے تجاویز ایک ہفتے میں مکمل کر کے کابینہ میں پیش کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی حکومت کی ملکیت غیر استعمال شدہ بیش قیمت اراضی کو مثبت طریقے سے برؤے کار لانے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کے سلسلے میں جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیر اقتصادی امور حماد اظہر، وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی، وفاقی وزیر نجکاری میاں محمد سومرو، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، معاون خصوصی/ترجمان ندیم افضل چن، متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران شریک تھے۔ سیکرٹری نجکاری رضوان ملک کی جانب سے پہلے مرحلے میں مختلف وزارتوں کی جانب سے شناخت کی جانے والی 32بیش قیمت اراضیوں کو مثبت طریقے سے برؤے کار لانے کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے اب تک شناخت ہونے والی غیر استعمال شدہ املاک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور جیسے شہروں میں مرکزی مقامات پر واقع ہیں جن کی قیمت کا تخمینہ اربوں روپوں میں لگایا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں شناخت کی جانے والی 32 املاک میں سے 27 مکمل طور پر دستیاب ہیں جبکہ بقیہ پانچ املاک کے حوالے سے ملکیتی دستاویزات کی فراہمی اور بعض مقامات پر ناجائز قبضے کو واگذار کرانے کا عمل بھی جاری ہے جو کہ بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ رواں ماہ دبئی میں منعقدہ ایکسپو میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے ان بیش قیمت اراضیوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ تمام مراحل کی تکمیل کے بعد ان املاک کی نیلامی کا شیڈول مرتب کیا جائے گا تاکہ جنوری کے پہلے ہفتے میں ان املاک کے حوالے سے اندرون و بیرون ملک اشتہارات اور تشہیری مہم کا آغاز کیا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سالہا سال سے غیر استعمال شدہ بیش قیمت سرکاری اراضیوں کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کرنا اور ان سے حاصل شدہ آمدنی کو عوامی سہولیات کے لئے برؤے کار لانا حکومت کی پالیسی کا اہم جزو ہے۔








