سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کا کردار صرف بیماریوں کا علاج کرنا نہیں ہے ،گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل

140

کوئٹہ۔ 30 جنوری (اے پی پی):گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ انسانی معاشرہ میں ہسپتال اُمید اور شفا کی علامت ہے جو مریضوں کی دیکھ بھال، تندرستی اور بیماریوں سے تحفظ دینے کیلئے صحت مندانہ ماحول فراہم کرتا ہے۔ ہر میڈیکل انسٹیٹیوٹ کی معاشرے میں دو مختلف بنیادی ذمہ داریاں ہوتی ہیں، پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ وقتی طور پر مریضوں اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریں اور زندگیاں بچائیں جبکہ دوسری ذمہ داری یہ ہے کہ وہ محفوظ مسقبل کی خاطر لوگوں کے سائنٹفک رویوں کو تشکیل دیں اور عوام میں بچاؤ کے تدابیر اپنانے کا احساس پیدا کریں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آریہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے دورے کے موقع پر منعقدہ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر پاکستان میں تعینات ڈپٹی قونصل جنرل سید مہدی شاہ شائقی، آریہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سہیل خان اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی سمیت میل اور فیمیل ڈاکٹرز صاحبان کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم صوبے کی تمام پبلک سیکٹر یونیورسٹیز میں انقلابی اقدامات اٹھا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم پرائیویٹ سیکٹر کے اہم کردار کو بھی تسلیم کرتے ہیں.

معاشرے میں ہسپتال کے کردار کے دونوں پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر صحتمند طرز زندگی اور جلد تشخیص کو فروغ دیکر ہسپتال افراد اور کمیونٹیز کو انکی فلاح و بہبود کیلئے ہم نئے اقدامات اٹھا سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے آریہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے جدید عالمی معیار کے ہسپتال کے عوام کی صحت اور ہیلتھ سیکٹر سے وابستہ افراد کیلئے تربیت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بہت خوشگوار اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ کوئٹہ کا یہ جدید ہسپتال ہمارے شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کر رہا ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ یہاں بہت سینئر ڈاکٹر صاحبان خدمات انجام دیئے رہے ہیں۔

آخر میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کا کردار صرف بیماریوں کا علاج کرنا نہیں ہے بلکہ عوام کو علاج معالجے کی بنیاد سہولیات اور بیماریوں سے حفاظتی تدابیر کو فروغ بھی دینا ہے لیکن آریہ انسٹیٹیوٹ کی پوری ٹیم سے گزارش ہے کہ طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کے غریبوں کیلئے ہر سطح پر آسانیاں پیدا کریں۔ بعدازاں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے آریہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے احاطے میں ” انٹروینشنل ریڈیالوجی سِوٹ ” کا افتتاح کیا اور منتظمین اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیے گئے۔