لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے آج دنیا بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منانے کی اپیل کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سرکاری سطح پر یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیاجائے اورنگران وزیر اعظم سمیت وزرا کویکجہتی ریلیوں اور سیمینارزمیں شرکت کرکے فلسطینی بہن،بھائیوں کو اپنی حمایت کا یقین دلاناچاہیے ، وزارت خارجہ کو اسرائیلی دہشت گردی پر فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف ماضی کی طرح شدت کے ساتھ آوازاٹھانی چاہیے ۔ ان کاکہناتھاکہ مسلم ممالک کی فورسز کو امن دستے کی حیثیت سے فلسطین جانا چاہیے اور اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ امن فورسز بھیجنے کی حمایت کرے ، پاکستانی قوم اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پاکستان علما کونسل کے زیراہتمام جامعہ منظورالاسلامیہ لاہور میں یکجہتی فلسطین سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع مولانا اسداللہ فاروق،محمد اسلم صدیقی،پیر ابراہیم خلیل،محمد اسلم قادری،قاری مبشر رحیمی،مولانا ابراہیم حنفی سمیت دیگر علما کرام نے بھی خطاب کیا حافظ طاہر محموداشرفی کامزید کہناتھاکہ آج فلسطین پر اسرئیلی جارحیت کے پانچ روز ہوچکے ہیں اسوقت اسرائیلی فورسز نے غزہ کی ناکہ بندی کرکے ادویات،خوراک کی ترسیل کو بند کررکھاہے امریکہ،بھارت،برطانیہ اوردیگر مغربی ممالک اسرائیلی دہشت گردی کی حمایت کررہے ہیں جوقابل افسوس اور قابل مذمت ہے جبکہ دوسری طرف سعودی عرب، ترکی، مصر، اردن، ایران اور اوآئی سی،رابطہ عالمی اسلامی کی قیادت کے درمیان بھی رابطے جاری ہیں امید ہے کہ فلسطینیوں کو خوراک اوراشیائے ضروریات کی ترسیل جلد شروع ہوجائے گی اورمسلم ممالک کی طرف سے واضح لائحہ عمل ترتیب دیاجائے گا
انہوں نے کہاکہ اسوقت کچھ ذہنی معذورلوگ خوف پیدا کررہے ہیں ان پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ رزق اورعزت کی حفاظت کرنے والی ذات اللہ تعالی کی ہے جس نے بے بس اور مظلوم فلسطینیوں کے ذریعے اسرائیل جیسی طاقت کا غرور خاک میں ملادیا آج کفار پریشان اور حیران ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج ضرورت اس امرکی ہے کہ مسلم ممالک ایک ہوکر فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہوں ، جمعہ کو دنیا بھر میں یوم یکجہتی فلسطین منایاجائے اسی طرح میری حکومت پاکستان سے اپیل ہے کہ سرکاری سطح پر یوم یکجہتی فلسطین منانے کا اعلان کیاجائے اورنگران وزیر اعظم سمیت وزرا کو یکجہتی ریلیوں اور سیمینارزمیں شرکت کرکے فلسطینی بہن،بھائیوں کو اپنی حمایت کا یقین دلاناچاہیے انہوں نے کہاکہ پاکستان کو آگے بڑھ کرفلسطین کے معاملے پر اپنا کردار اداکرنا چاہیے،
حافظ طاہرمحمود اشرفی نے روس اور چین کی جانب سے فلسطین کے معاملے پر دوٹوک موقف اپنانے پر شکریہ اداکیا، میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کامزیدکہناتھاکہ آزادخودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر سعودی عرب کوئی حل نہیں چاہے گا آج بھی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مسلم ممالک کے درمیان رابطوں میں اہم کردار اداکررہے ہیں انشا اللہ دنیا پر واضح کردیاگیاہے کہ دنیا کوآزادخودمختار فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا پڑے گا۔