اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) سرکاری سکیم کے تحت حج 2019ءکے لئے درخواستوں کی وصولی رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق 11 فروری کو حج درخواستوں کی وصولی کے لئے مجاز قومی بینکوں کا فیصلہ ٹینڈر کے ذریعے ہو گا جس کے بعد وزارت مذہبی امور درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کرنے کے لئے مجاز قومی بینکوں کو ہدایت جاری کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی طرف سے اب تک حج پالیسی کی منظور شدہ مسودہ ابھی تک وزارت مذہبی امور کو موصول نہیں ہوا، جونہی موصول ہوا وزارت مذہبی امور کی جانب سے باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے اعلان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں سال سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت مجموعی طورپر ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ رواں سال بھی گزشتہ سال کی طرح تین سال تک مسلسل ناکام رہنے والوں اور 80 سال یااس سے زائد عمر رسیدہ افراد کو بغیر قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار دینے کے لئے 10 ہزار کاکوٹہ مختص کیاجائے گا۔