شیخوپورہ ۔ 29 جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ہر علاقے کے یوٹیلیٹی سٹورز ، پٹرول پمپس ، گوشت ،سبزی و پھل کی دکانوں ، ہوٹلز اور تندوروں پر نان و روٹی کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں ۔روٹی اور نان کی سرکاری قیمت کی خلاف ورزی پر ضلع بھر میں ابتک 29 ہزار 493 دکانوں اور تندوروں کی انسپکشن کی گئی جس کے دوران 2 ہزار 415 دکانداروں کو 50 لاکھ 72 ہزار 200 روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے جبکہ نان و روٹی کی زائد قیت وصول کرنے والے 36 دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی اور 28 کو حراست میں لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ رواں ماہ جولائی میں ابتک 48 ہزار 494 دوکانوں کی انسپکشن کے دوران مجموعی طور پر 31 لاکھ 23 ہزار روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 9 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و دیگر ضلعی افسران سرکاری نرخوں پر گوشت ، نان و روٹی سمیت بیکری آئٹمز کی فروخت کو یقینی بنائیں ۔
ڈپٹی کمشنر شیخوپوره نے کہا کہ اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر فراہی کے لیے ضلعی افسران فیلڈ میں 24 گھنٹے مکمل متحرک رہتے ہیں اور دکانوں کی انسپکشن کررہے ہیں جہاں حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی نشاندھی ہوتی ہے اس علاقے میں سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متعلقہ دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان نے کہا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔