سرکاری وصولیوں ،ڈیوٹیوں ،ٹیکسوں کی وصولی کیلئے بینکوں کی شاخیں 30 اور 31 دسمبر 2023ء کو کھلی رہیں گی، سٹیٹ بینک آف پاکستان

State Bank
State Bank

اسلام آباد۔29دسمبر (اے پی پی):ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیوں و ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے بینکوں کی ہفتے کو کھلی رہنی والی شاخیں متبادل ڈلیوری چینلز اور اوور دی کائونٹر سہولت کے ذریعے ٹیکسوں کی وصولی کے لیے ہفتہ 30 دسمبر 2023 اور اتوار 31 دسمبر 2023 کو توسیع شدہ اوقات کار میں بالترتیب شام پانچ بجے اور رات آٹھ بجے تک کھلی رہیں گی۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ادائیگی کی اسی دن کلیئرنگ کو یقینی بنانے کے لیے، نفٹ (NIFT) کو ہفتہ 30 دسمبر 2023 کو سہ پہر 3 بجے اور اتوار 31 دسمبر 2023 کو شام 5 بجے خصوصی کلیئرنگ کا اہتمام کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیکس وصولیوں کے التواء کو دور کرنے کے لیے بینک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مذکورہ بالا دفتری اوقات کے دوران سرکاری وصولیوں سے متعلق دی گئی کوئی بھی دستاویز برانچ کائونٹرز پر نظر انداز نہ کی جائے اور اسے 31 دسمبر 2023 کی تاریخ میں مذکورہ خصوصی کلیئرنگ میں شامل کیا جائے۔

تمام بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کلیئرنگ سے متعلق اپنی برانچوں کو 30 اور 31 دسمبر 2023 کو اس وقت تک کھلا رکھیں، جو نفٹ کی جانب سے سرکاری لین دین کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینے کے لیے ضروری ہے۔