سرگودھا، جنسی زیادتی کیس میں اے ایس آئی سمیت دو ملزمان گرفتار

158
Arrested
Arrested

سرگودھا۔30ستمبر (اے پی پی):تھانہ کوٹمومن کی حدود میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور اس کے ساتھی کو 15 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق محمد یار گوندل کی رہائشی نادیہ رانی ولد محمد مشتاق نے تھانہ کوٹمومن میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ درج کرائی اور بتایا کہ میرے والد محمد مشتاق کو تھانہ کوٹمومن نے منشیات کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ کیس کی تفتیش اے ایس آئی محمد نواز گوندل کر رہے تھے۔ محمد نواز نے میرا سیل نمبر حاصل کیا اور کیس پر بات کرنے کے لیے مجھ سے ملاقات کی۔

وقوعہ کے روز اے ایس آئی محمد نواز اور اُس کا ساتھی احسن اُسے نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں اُس کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسرگودھا ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واقعہ کا نوٹس لے لیاجس پر کوٹمومن پولیس نے دونوں ملزمان کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا۔ڈی پی اونے کیس کو نمٹانے کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن اورسب ڈویژنل پولیس آفیسر کوٹمومن پر مشتمل خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ انکوائری ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے کہ تحقیقات کو میرٹ پر یقینی بناتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ کیس کے تمام پہلوؤں کو مدِنظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جا رہی ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے یقین دلایا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ کے نتائج کی بنیاد پر قصورواروں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔