سرگودھا۔ 09 فروری (اے پی پی):سرگودھا رائٹرز کلب کی رکنیت سازی مہم کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی کلب ہذا کی باقاعدہ تنظیم نو بھی کر دی گئی ہے۔ سرگودھا رائٹرز کلب کے سرپرست اعلی ممتاز عارف نے بتایا ہے کہ رائٹرز کلب کی حالیہ رکنیت سازی مہم کے نتیجے میں اب تک 50 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ جن پر رائٹرز کلب کے بنیادی و سینئر ممبران نے متعدد اجلاسوں میں مکمل غور کیا جس کے نتیجے میں باہمی مشاورت کے بعد سال 2025ء کے لئے کلب کے نئے عہدیداروں اور ممبران مجلس عاملہ کا با ضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے؛ جس کے مطابق پروفیسر یوسف خالد صدر، پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم سینئر نائب صدر، نجمہ منصور نائب صدر، پروفیسر ڈاکٹر سید مرتضی حسن جنرل سیکرٹری ، سید صائم شیرازی جائنٹ سیکرٹری، ذوالفقار احسن سیکرٹری انفارمیشن ،نعمان شفیق فنانس سیکرٹری اور اویس ذوالفقار میڈیا کوآرڈینیٹر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کلب کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے اور اہل قلم کے ساتھ رابطوں کو بڑھانے کے لئے سات رکنی مجلس عاملہ بھی تشکیل دی گئی ہے؛ جس میں ڈاکٹر آصف راز، ڈاکٹر شفیق آصف، ڈاکٹر عابد خورشید، پروفیسر طارق حبیب، ڈاکٹر ارشد ملک، ڈاکٹر شاکر کنڈان اور ڈاکٹر رضوانہ نقوی کو بطور ممبران شامل کیا گیا ہے۔ ممتاز عارف نے مزید بتایا کہ رائٹرز کلب کو مزید فعال بنانے کے لئے اہل قلم کے ساتھ ساتھ ادب نواز اداروں اور ادب پرور شخصیات سے رابطہ مہم بھی جاری ہے؛ اور عنقریب رائٹرز کلب کے نئے عہدیداروں اور ممبران مجلس عامہ کی حلف برداری کے بعد کلب کے تحت ماہانہ تنقیدی مجالس، ادبی تقریبات اور مشاعروں کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ رائٹرز کلب کی رکن سازی مہم کا عمل ماہ فروری میں بھی جاری رہے گا ؛
لہذا جو اہل قلم کلب کی ممبر شپ لینا چاہیں وہ مجھ سے یا کلب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مرتضی حسن سے رابطہ کرکے فارم رکنیت حاصل کر سکتے ہیں یا مختلف ادبی گروپوں میں شیئر کیا گیا فارم رکنیت پر کرکے ڈاک یا واٹس ایپ کے ذریعے ارسال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائٹرز کلب ایک معتبر اور نمائندہ ادبی فورم ہے اور اس کے دروازے تمام سنجیدہ ادبی لکھاریوں کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔