سرگودھا ۔11نومبر (اے پی پی):پنجاب حکومت نے سرگودھا کے تین ہسپتالوں کی عمارات او رمختلف شعبہ جات کی تعمیر ومرمت کیلئے 40کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ جاری فنڈز گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل ٹیچنگ ہسپتال، گورنمنٹ میاں مولا بخش ہسپتال اور گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کی تعمیر ومرمت پر خرچ کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے اجلاس کمشنر محمد اجمل بھٹی کی زیر ِصدارت کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ کمشنر نے تینوں ہسپتالوں کا فوری کام شروع کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ تینوں ہسپتالوں کی عمارات سمیت دیگر شعبہ جات کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایاجائے۔
اجلاس کو بتایاگیا کہ تینوں ہسپتالوں میں فرش، ٹائلز، دیواروں، چھتوں کی مرمت، سیلنگ سمیت نئے دروازے اور کھڑکیاں، سیوریج سسٹم کی بہتری اور بجلی کی تاروں کو انڈرگراؤنڈ کرنا،لان اور انتظار گاہ سمیت دیگر تعمیر ومرمت کے کام کو مکمل کیا جائیگا۔ اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل ٹیچنگ ہسپتال کیلئے تقریبا18 کروڑ،گورنمنٹ مولابخش ہسپتال کیلئے تقریبا 12 کروڑ روپے، گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کیلئے تقریبا 5 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ اسی طرح دستیاب فنڈز سرگودھا میڈیکل کالج کی دیوار کے علاوہ عمارت کے مختلف حصوں کی مرمت پر خرچ کئے جائیں گے۔
تینوں ہسپتالوں کا تعمیراتی کام چھ ماہ کے اندر مکمل کیاجائیگا۔ کمشنر نے گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کے لیبر روم، آپریشن تھیٹر اور نرسری کو ایک ہی فلور میں منتقل کرنے کی ہدا یت کی۔ اجلاس میں تینوں ہسپتالوں میں صحت عامہ کی مزید بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے کئے اہم فیصلے کئے گئے۔ واضح رہے کہ کمشنر سرگودھامحمد اجمل بھٹی نے وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کے دورہ سرگودھا کے موقع پر تینوں ہسپتالوں کے لیے خصوصی فنڈز جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔
اجلاس میں ایس ای بلڈنگ غلام عباس ورک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونی) محسن صلاح الدین، ایم ایس ڈاکٹر عاکف بشیر، ڈاکٹر امتیاز بھٹی، پرنسپل سرگودھا میڈیکل کالج ڈاکٹر حمیرا اکرم، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئرملک آفتاب احمد اعوان نے شرکت کی۔