سرگودھا۔25مارچ (اے پی پی):سرگودھا یونیورسٹی میں شعبہ سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی اور واٹر ایڈ پاکستان کے اشتراک سے پانی کے عالمی دن کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس کے ذ ریعے پانی کی اہمیت اور استعمال کے پائیدار طریقوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
واک کی قیادت پرو وائس چانسلر سرگودہا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کی جبکہ اس موقع پر واٹر ایڈ کے صوبائی مینجر فراقت علی سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ بھی موجود تھے۔ طلبہ نے واک کے دوران مختلف تخلیقی پوسٹرز کے ذریعے پانی کی اہمیت، پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور پانی کی قلت جیسے مسائل کے حوالے سے آگاہی اور شعور دیا۔
’’پانی کو امن کیلئے استعمال کرنے“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین نے کہا کہ پانی کی قلت صرف ہمارا نہیں بلکہ پوری دُنیا کا مسئلہ ہے اور اس مسئلہ کے پائیدار حل کے لئے مربوط نظام تشکیل دینا ہوگا۔ پائیدار ترقی میں پانی کے اہم کردار اور پانی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ پانی کے ذریعے بہت سے ملکی و بین الاقوامی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ پرو وائس چانسلر نے کہا کہ پانی صرف ایک وسیلہ نہیں ہے، یہ ایک بنیادی انسانی حق ہے۔
یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہر فرد کو صاف اور محفوظ پانی تک رسائی حاصل ہو۔اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ سوشیالوجی اینڈ کریمنالوجی شہزاد خاور نے کہا کہ ”پانی اور موسمیاتی تبدیلی” کا آپس میں گہرا تعلق ہے، موسمیاتی تبدیلیاں پانی سے متعلق مسائل کو بڑھاتی ہیں جس سے خشک سالی، سیلاب و دیگر اقتصادی مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے پانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلئے پائیدار طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا کیونکہ پانی زندگی کی ضمانت ہے۔