کولمبو۔12فروری (اے پی پی):سری لنکا نے افغانستان کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کیلئے فاسٹ بائولر بینورا فرنینڈو کو انجرڈ کھلاڑی دشمانتھا چمیرا کی جگہ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔ گزشتہ ماہ زمبابوے کے خلاف کھیلنے والے سری لنکن 16 رکنی سکواڈ میں دیگر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
دشمانتھا چمیرا افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں زخمی ہوگئے تھے، اس میچ میں سری لنکا نے 42 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، ان کے متبادل کے طور پر شامل ہونے والے لیفٹ آرم فاسٹ بائولر بینورا فرنینڈو نے اپنا آخری ٹی ٹونٹی میچ آسٹریلیا کے خلاف 2022ء کے ورلڈ کپ میں کھیلا جس میں وہ صرف پانچ گیندیں کروانے کے بعد ہی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
بینورا نے لنکا پریمیئر لیگ میں جافنا کنگز اور ابو ظہبی ٹی ٹین میں عمدہ پرفارمنس سے نیشنل سکواڈ میں واپسی کی۔