کولمبو ۔8فروری (اے پی پی):سری لنکا اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ کو پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد ٹیسٹ میچ آئی لینڈرز نے 10 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
افغانستان کی ٹیم شیڈول دورے کے مطابق آئی لینڈرز کے خلاف واحد ٹیسٹ کے علاوہ 3ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز (کل) جمعہ کو پہلے ون ڈے میچ سے ہوگا۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ 11 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔
تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے تمام میچز پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، پالے کیلی میں ہی کھیلے جائیں گے۔تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 17 فروری کو پہلے میچ سے ہوگا، دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 19 فروری کو جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 21 فروری کو کھیلا جائے گا۔ تین ٹی ٹونٹی میچز رنگیری دمبولا انٹرنیشنل سٹیڈیم، دمبولامیں کھیلے جائیں گے۔