سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان کو 132 رنز سے شکست دے دی

سری لنکا اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ 7 جون کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا

ہمبنٹوٹا۔4جون (اے پی پی):سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان کو 132 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ، گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 323 رنز بنائے ،

کوسال مینڈس نے 78 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، دیگر بیٹرز میں دیمتھ کرونا رتنے 52 ، سدیرا سمراوکرما 44 اور پاتھم نسانکا 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، افغانستان کی طرف سے فرید خان اور محمد نبی نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، افغانستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.1 اوورز میں 191 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ،

حشمت اللہ شاہدی 57 اور ابراہیم زدران 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، سری لنکا کی طرف سے ونندو ہاسارنگا اور دہننجایا ڈی سلوا نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، دہننجایا ڈی سلوا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔