سری لنکا کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ۔پاکستان کی ٹیم میں تین اور سری لنکا کی دو تبدیلیاں

کینڈی۔28فروری (اے پی پی):سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم نے پالے کیلے میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس کے بعد کہا کہ میدان کی وکٹ بہتر دکھائی دے رہی ہے اور بعد میں نمی پڑنے کا امکان ہے، اس لیے بنیادی امور درست انداز میں انجام دینا ضروری ہوگا۔ ان کا کہنا …

کینڈی۔28فروری (اے پی پی):سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم نے پالے کیلے میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس کے بعد کہا کہ میدان کی وکٹ بہتر دکھائی دے رہی ہے اور بعد میں نمی پڑنے کا امکان ہے، اس لیے بنیادی امور درست انداز میں انجام دینا ضروری ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو مقابلوں میں ٹیم بنیادی چیزیں درست انداز میں انجام نہیں دے سکی، تاہم اس میچ میں بہتری کی کوشش کی جائے گی۔

سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے، تاہم پاکستان کے پاس آخری چار میں جگہ بنانے کا موقع موجود ہے بشرطیکہ وہ تقریباً 65 رنز کے فرق سے کامیابی حاصل کرے۔ پاکستانی کپتان سلمان آغا نے کہا کہ وہ بھی پہلے گیند بازی کو ترجیح دیتے، لیکن اب ہدف یہ ہے کہ اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا کر حریف کو محدود کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑا موقع ہے اور ٹیم کو بلے بازی، گیند بازی اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں مکمل اور بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا۔

پاکستان نے ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور بابر اعظم اور صائم ایوب کو شامل نہیں کیا گیا، جبکہ خواجہ نافے نسیم شاہ اور سلمان مرزا کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب سری لنکا نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے زخمی کوشل مینڈس کی جگہ کامل مشارا کو شامل کیا جبکہ دُشن ہیمانتھا کی جگہ جینتھ لیاناجے کو ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم میں پاتھم نسانکا، کامل مشارا، چارتھ اسالنکا، پون رتھنائیکے، کمندو مینڈس، داسن شناکا، جینتھ لیاناجے، دونیتھ ویلالاگے، دُشمنتھا چمیرا، مہیش تھیکشانا اور دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، سلمان آغا، خواجہ نفے، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، ابرار احمد اور عثمان طارق میدان میں اتریں گے۔