سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریاں اچھی جا رہی ہیں، پریکٹس میچ سے کھلاڑیوں کو بھرپور میچ پریکٹس کا موقع ملا ہے۔فاسٹ باؤلر محمد عباس

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریاں اچھی جا رہی ہیں، پریکٹس میچ سے کھلاڑیوں کو بھرپور میچ پریکٹس کا موقع ملا ہے جو ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر کارکردگی کے لیے اہم ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر رضا اللہ …

راولپنڈی۔7نومبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریاں اچھی جا رہی ہیں، پریکٹس میچ سے کھلاڑیوں کو بھرپور میچ پریکٹس کا موقع ملا ہے جو ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر کارکردگی کے لیے اہم ہے۔ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر رضا اللہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں، وہ سیکھنے کا شوق رکھتے ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

محمد عباس نے کہا کہ وہ اپنی موجودہ فارم برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے، پاکستان میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کی بڑی انفرادی کارکردگی ابھی ان کے نام نہیں، اس لیے سری لنکا کے خلاف سیریز میں یہ سنگ میل عبور کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کو کبھی نظرانداز نہیں کرتے اور ریجنل و ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کھیلنے کے ساتھ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ میں بھی حصہ لیتے ہیں۔ وہ سال بھر میں تقریباً 20 سے 25 فرسٹ کلاس میچز کھیلتے ہیں جس سے انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد ملتی ہے۔

محمد عباس نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم آسان حریف نہیں ہوتی، کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ مخالف ٹیم، پچ اور کھیل کے حالات کا جائزہ لے کر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پاکستانی ٹیسٹ سکواڈ میں نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت خوش آئند ہے، انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مستقبل میں قومی ٹیم میں جگہ مستحکم کرنے کا اچھا موقع ملا ہے۔ ان نوجوان کھلاڑیوں نے انڈر 19 اور ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کے بعد قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔

پچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی میچ والی وکٹ کا جائزہ نہیں لیا تاہم راولپنڈی کی پچ عموماً فاسٹ باؤلرز کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ہر میچ میں پچ اور کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں، اس لیے صورتحال کے مطابق حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 9 نومبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں