تھائی لینڈ کے فیسن سنچالونگ اور ہانگ کانگ کی چیو کوان نینا وانگ نے جے-60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد 2026 کے بوائز اور گرلز سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کر لیے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں کھیلے گئے اپنے اپنے فائنلز میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔
فیسن سنچالونگ اور چیو کوان نینا وانگ اسلام آباد جے-60 جونیئر چیمپئن شپ کے سنگلز چیمپئن بن گئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):تھائی لینڈ کے فیسن سنچالونگ اور ہانگ کانگ کی چیو کوان نینا وانگ نے جے-60 بارڈ فاؤنڈیشن جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ اسلام آباد 2026 کے بوائز اور گرلز سنگلز ٹائٹلز اپنے نام کر لیے۔ دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں کھیلے گئے اپنے اپنے فائنلز میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔
بوائز سنگلز فائنل میں تھائی لینڈ کے فیسن سنچالونگ نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کےہاؤشوان شو کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2، 6-2 سے شکست دے کر چیمپئن شپ ٹائٹل جیت لیا۔گرلز سنگلز فائنل میں ہانگ کانگ کی چیو کوان نینا وانگ نے بہترین عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی وکٹوریہ گرونٹووا کو سخت مقابلے کے بعد 2-6، 6-4، 6-1 سے شکست دے کر گرلز سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔چیمپئن شپ میں 14 ممالک کے مجموعی طور پر 58باصلاحیت جونیئر کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں 36 بوائز اور 22 گرلز شامل ہیں۔
شریک ممالک میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ،قازقستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، بیلاروس، سویڈن اور پاکستان شامل ہیں۔یہ ٹورنامنٹ بارڈفاؤنڈیشن کے تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ بارڈ فاؤنڈیشن کی فراخدلانہ معاونت پاکستان میں جونیئر ٹینس کے فروغ اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے قیمتی مواقع بھی فراہم کر رہی ہے۔چیمپئن شپ کا اختتام کل اتوار کو ڈبلز فائنلز کے ساتھ ہوگا۔گرلز ڈبلز فائنل صبح 11:00 بجے جبکہ بوائز ڈبلز فائنل دوپہر 2:00 بجے کھیلا جائے گا۔ڈبلز فائنلز کے بعد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوگی۔







