
اسلام آباد ۔ 23 مارچ (اے پی پی) پاکستان اور سری لنکا نے دو طرفہ تعلقات اور روابط کو متنوع اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے پاکستان میں سارک سربراہی کانفرنس کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے سوشلسٹ جمہوریہ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا اور پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ہونے والی ملاقات اور بعد ازاں وفود کی سطح پر مذاکرات میں حاصل کی گئی۔ جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سری لنکا کے صدر سے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد انتہائی گرمجوشی کے ماحول میں وفد کی سطح پر مذاکرات منعقد ہوئے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔فریقین نے پاکستان اور سری لنکا نے دو طرفہ تعلقات اور روابط کو متنوع اور مضبوط بنانے پر اتفاق ظاہر کیا۔