اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او ) نے پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کی نقشہ سازی، عصمت دری، اغوا اور غیرت کے نام پر قتل کا ضلعی سطح کا تجزیہ’ پر جامع رپورٹ جاری کر دی۔ پیر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او ) کےایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے یہ رپورٹ جاری کی ۔
اس موقع پر پالیسی سازوں، صنفی ماہرین اور سول سوسائٹی کے اراکین سمیت اہم سٹیک ہولڈرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس نے کہا کہ یہ رپورٹ صوبائی پولیس محکموں میں درج درخواستوں سے حاصل کئے گئے اعدادوشمار پر مشتمل ہے جو 2023 کے دوران پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں رپورٹ ہونے والے جی بی وی کیسز کا تجزیہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ صوبائی پولیس کی جانب سے رپورٹ کیے گئے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایس ڈی او کی یہ رپورٹ صنفی بنیاد پر تشدد (جی بی وی ) کے کیسز کو ٹریک کرنے کے لئے ایک مرکزی قومی ڈیٹا بیس سیل قائم کرنے کی سفارش کرتی ہے جو ایک عوامی ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے ذریعے قابل رسائی ہو۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان حساس نوعیت کے کیسز کو سنجیدگی سے لیا جائے ،جس کے لئے پولیس کو خصوصی تربیت دی جائے،بروقت مقدمات کا اندراج کیا جائے اور صاف و شفاف محکمانہ کارروائی پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
اس میں مختلف مکتبہ فکر سے وابستہ افراد کو متحرک ہونا چاہئے جبکہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف موجود قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔سید کوثر عباس نےکہا کہ صوبوں میں رونما ہونے والے کیسز ظاہر کرتے ہیں کہ ان کی روک تھام کے لئے ایک منظم نظام کی ضرورت ہے،تاکہ متاثرہ خواتین کے لواحقین قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بنا کسی خوف و ڈر کے انصاف کے حصول کے لیے رابطے کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں کو ان مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ضرورت ہے جبکہ قابل رسائی اعدادوشمار رپورٹ شدہ اور غیر رپورٹ شدہ کیسز کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں مدد کرے گا اور قانون بنانے والے اداروں کو فیصلے کرنے میں مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے خواتین اور ان کے لواحقین کو تحفظ ،سرپرستی اور یقینی انصاف فراہم کرکے سنگین نوعیت کے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔