ریاض ۔1اپریل (اے پی پی):سعودی عرب میں الحرمین الشریفین میں دینی امور انتظامیہ نے رمضانالمبارک آپریشنل منصوبے کے مطابق آخری عشرے کے دوران زائرین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے بیت اللہ کی تعظیم کے پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق دینی امور انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا کہ پروگرام کا مقصد بیت اللہ کی تعظیم اور اسے زائرین اور تمام مسلمانوں کے دلوں میں راسخ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مملکت کی قیادت نے بیت اللہ کی بھرپور خدمت اور اس کی تعظیم کی جس کا نتیجہ امن وامان اور ترقی کی نعمتوں کی صورت میں سامنے آیا۔واضح رہے کہ یہ اقدام اپنی نوعیت کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس میں مختلف ٹیکنالوجیز اور کمیونیکشن وسائل کا استعمال کرکے رمضان کے آخری عشرے میں بیت اللہ کی تعظیم اور اس کے زائرین کی خدمت کے مقاصد حاصل کیے جائیں گے۔