سعودی عرب ،زائرین کو رہائش خدمات کی خلاف ورزی پر دو عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل

ریاض۔15فروری (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے زائرین کو رہائش خدمات کی خلاف ورزی پر دو عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ خلاف ورزی کی نشاندہی کے بعد منظور شدہ کنٹریکٹ پروگرام کے مطابق زائرین کو رہائش کی خدمات کی فراہمی میں ناکامی پرعمرہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی …

ریاض۔15فروری (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے زائرین کو رہائش خدمات کی خلاف ورزی پر دو عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیان میں کہا کہ خلاف ورزی کی نشاندہی کے بعد منظور شدہ کنٹریکٹ پروگرام کے مطابق زائرین کو رہائش کی خدمات کی فراہمی میں ناکامی پرعمرہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ تمام متاثرہ زائرین کو فوری طور پر رہائش فراہم کر دی گئی ہے۔

بیان کے مطابق زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے اور اس طرح کی خلاف ورزیوں کو دوبارہ روکنے کے لیے ضوابط کے مطابق اقدامات کیے گئے ہیں۔وزارت کا کہنا ہے کہ مصری وزارت سیاحت کے تعاون سے ان دونوں کمپنیوں کے ساتھ معاہدے میں شامل غیرملکی ایجنٹوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ وزارت حج کی جانب سے عمرہ سیزن کے لیے زائرین کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ رہائش اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مقررہ معیار کی پابندی کریں۔

وزارت حج و عمرہ نے قوانین پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی کمیٹیاں مقرر کی ہیں جو عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی رہائشی و دیگر خدمات کا جائزہ لیتی ہیں۔عمرہ زائرین کے لیے مقررہ معیار کی رہائش اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ دیگر سہولتوں کی عدم فراہمی پر وزارت سخت کارروائی کرنے کی مجاز ہے جس میں کمپنی کا لائسنس معطل کرکے ان پر جرمانے کیے جاتے ہیں۔