سعودی عرب ، ادارہ الحرمین الشریفین میں معذور افراد کی دیکھ بھال کے لیے مخصوص انتظامات

48

مکہ مکرمہ ۔17مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کے ادارہ الحرمین الشریفین میں معذور افراد کی دیکھ بھال کے شعبے کے ڈائریکٹر ماہر السویھری کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں آنے والے معذور اور معمر افراد کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

اردو نیوز کے مطابق انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں 50 اہلکار تعینات ہیں جو معمر، بیمار اور معذور افراد کی رہنمائی کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں۔مذکورہ اہلکاروں کو چار شفٹوں میں ذمہ داریاں تفویض کی جاتی ہیں تاکہ کسی بھی وقت حرمین میں آنے والے مذکورہ افراد کی رہنمائی کی جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسجد الحرام میں ویل چیئر کے لیے دروازے مخصوص کیے گئے ہیں جبکہ معذور افراد کے لیے نماز ادا کرنے کے لیے بھی مقامات کا تعین کیا گیا ہے جن کی نشاندہی بھی کی گئی ہے تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔