سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے ساتھ ایک مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد آئندہ موسم سرما کے دوران اپنے ملک واپس آنے والے شامی خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔
سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط ،مقصد ملک واپس آنے والے شامی خاندانوں کی مدد کرنا ہے

مزید خبریں
نیویارک۔27ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نے اقوام متحدہ کے ساتھ ایک مشترکہ ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد آئندہ موسم سرما کے دوران اپنے ملک واپس آنے والے شامی خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب کے ایوان شاہی کے مشیر اور کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے سپروائزر جنرل ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ سےاقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین برہم صالح نے نیویارک میں ملاقات کی جس دوران جاری تعاون کو بڑھانے، پناہ گزینوں اور بے گھر افراد کی مدد اور دنیا بھر میں ان کے مصائب کو کم کرنے کے حوالے سے انسانی اور امدادی کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے طریقوں بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر عبدللہ الربیعہ نے یواین ہائی کمشنر کے ساتھ ایک مشترکہ ایگزیکٹیو پروگرام پر دستخط کیے جس کا مقصد آئندہ موسم سرما کے دوران اپنے ملک واپس آنے والے شامی خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔پروگرام کے تحت 987 تباہ شدہ گھروں کو بحال کیا جائے گا تاکہ انہیں محفوظ اور رہائش کے قابل بنایا جا سکے،متاثرہ خاندانوں کو شدید سردی سے بچانے کے لیے 10 ہزار 768 ونٹر کٹس تقسیم کی جائیں گی جن میں کمبل، ترپال، موسم سرما کے ملبوسات اور جیکٹس شامل ہیں۔ان اقدامات سے حلب، ریف ،دمشق، دیر الزور، ادلب اور حمص گورنریٹ میں 58 ہزار 625 افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ ان میں ضرورت مند افراد، خاندانوں کی خواتین سربراہ، بیوہ خواتین، بچے اور معمر افراد شامل ہیں۔







