سعودی عرب اور امریکاکے درمیان سویلین خلائی تحقیق کے معاہدے پر دستخط

101
Abdullah Al-Sawaha
Abdullah Al-Sawaha

ریاض۔جولائی (اے پی پی):سعودی عرب اور امریکا نے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان سویلین خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ایس پی اے کے مطابق سعودی خلائی ایجنسی کے چیئرمین عبداللہ السواحہ نے کہا کہ یہ معاہدہ ایک مضبوط خلائی شعبے کی تعمیر کی جانب سعودی عرب کے سفرمیں ایک اہم موڑ کی نمائندگی کرتا ہے۔انہوں نے خلائی شعبے میں جدت طرازی اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مملکت کے عزم کو اجاگر کیا۔

سعودی خلائی ایجنسی کے سی ای او ڈاکٹر محمد التمیمی نے کہا کہ یہ شراکت داری مشترکہ مفادات کی نشاندہی کرے گی جس سے سعودی عرب سائنسی اور تیکنیکی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے گا۔ اس تعاون کا مقصد خلائی صنعت میں سعودی عرب کے علاقائی اور عالمی اثر ورسوخ کو بڑھانا ہے۔امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان میں کہا ہےکہ اس معاہدے میں آرٹیمیس معاہدے کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا گیا ہے جس پر امریکا نے اکتوبر 2020 میں اور سعودی عرب نے جولائی 2022 میں دستخط کیے تھے۔