ریاض ۔1جون (اے پی پی):سعودی عرب اور قطر نے شام کے عوام سے اظہار یکجہتی کے طور پر شامی عرب جمہوریہ کے سرکاری ملازمین کے لیے آئندہ تین ماہ کے دوران مشترکہ مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اقدام دونوں ممالک کی جانب سے شام کی اقتصادی بحالی میں مدد کے عزم کا تسلسل ہے، جس سے قبل سعودی عرب اور قطر نے عالمی بینک گروپ کے ساتھ شام کے واجبات کی ادائیگی کے لیے تقریباً 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فراہم کیے تھے۔
اس مالی امداد کا مقصد شام میں معاشی و سماجی استحکام کو فروغ دینا، انسانی مشکلات کو کم کرنا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ یہ اقدام جنگ زدہ ملک میں امن، ترقی اور بحالی کے لیے خلیجی ریاستوں کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ ریاض اور دوحہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ اقدام شام کے ساتھ ان کے گہرے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے اور انہوں نے خطے میں پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ بین الاقوامی برادری، خاص طور پر علاقائی اور عالمی ترقیاتی اداروں کے ساتھ قریبی اشتراک سے امدادی کوششوں کو مربوط اور مؤثر بنانے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے امداد کی ترسیل کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیا تاکہ شام کے عوام کے لیے طویل مدتی ترقی کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
یہ اعلان عرب دنیا کی اس کوشش کا اہم سنگ میل ہے جس کا مقصد شام کو علاقائی دھارے میں دوبارہ شامل کرنا اور تعمیرِ نو و انسانی امداد کو فروغ دینا ہے تاکہ برسوں کی جنگ کے بعد ایک نازک بحالی کے عمل کو سہارا دیا جا سکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603987