دوحہ ۔14اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب اور قطر کی خبر رساں ایجنسیوں کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے دوحہ میں قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے تعلقات اور ان کی سپورٹ میں اضافے کے طریقوں خصوصا مشترکہ میڈیا کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر قطری میڈیا کارپوریشن کے چیئرمین شیخ حمد بن ثامر آل ثانی اور سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان بھی موجود تھے۔سعودی وزیر اطلاعات اور قطر میڈیا کارپوریشن کےچیئرمین کی موجودگی میں سعودی نیوز ایجنسی( ایس پی اے) کے قائم مقام سربراہ علی بن عبداللہ الزید اور قطر نیوز ایجنسی (قنا) کے ڈائریکٹر جنرل احمد بن سعید الرمیحی نے ایس پی اے اور قنا کے درمیان تعاون اور خبروں کے تبادلے کے معاہدے کے ایگزیکٹیو فریم ورک پر دستخط کئے ۔
اس معاہدے کا مقصد ایڈیٹنگ اور فوٹو گرافی کے شعبوں میں تربیتی پروگرام ، اس کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے خبروں کا مواد تیار کرنا، تجربات کا تبادلہ اور علم کی منتقلی، دونوں ملکوں کی قومی کامیابیوں اور ایونٹس کے حوالے سے خبروں اور فوٹو گرافی کا مواد تیار کرنا ہے۔