ریاض۔16جنوری (اے پی پی):سعودی عرب میں 2023 تک کھجور کی مجموعی پیداوار 1.9 ملین ٹن سے زیادہ ہوگئی ہے۔اخبار 24 کے مطابق وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کھجوروں میں ’الخلاص‘اور ’السکری‘ کی پیداوار سب سے زیادہ ہے۔ کھجور کی پیداوار اور مقدار کے لحاظ سے ریاض دوسرے نمبرپر ہے جبکہ کھجور کی پیداوار 453.1 ہزار ٹن ہے۔ مدینہ منورہ 343 ہزار ٹن کے ساتھ تیسرے، الشرقیہ 258.7 ہزار ٹن سے چوتھے، عسیر 61 ہزار ٹن سے پانچویں اور تبوک 55.6 ہزار ٹن زائد کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ کھجور کے درختوں کی مجموعی تعداد میں 10.7 ملین سے زائد درختوں کے ساتھ القصیم کا علاقہ سرفہرست ہے جن میں سے 9.7 ملین سے زائد پھل دار درخت ہیں۔ دارالحکومت ریاض 8 ملین سے زائد درختوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے یہاں 6.8 ملین سے زیادہ پھل دار درخت ہیں۔ مدینہ منورہ میں کھجور کے درختوں کی تعداد 8 ملین سے زیادہ ہے۔ 2023 کے دوران مملکت کے تمام علاقوں میں کھجور خاص طور پر ’الخلاص‘ اور ’السکری الاصفر‘ کی پیداوار سب سے اچھی رہی۔’الخلاص‘کھجور کی پیداوار 609 ہزار ٹن سے زیادہ جبکہ ’السکری الاصفر‘ کی پیداوار 394 ہزار ٹن سے تجاوز کر گئی۔ واضح رہے کہ کھجور کی ایک اور قسم ’برنی المدینہ‘ کی پیداوار 124.7 ہزار ٹن سے زیادہ رہی اور ’برحی‘ کی پیداوار 103.5 ہزار ٹن سے زیادہ ہوچکی ہے۔