لندن ۔15دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں الیکٹرانک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی لوسیڈنے 800 الیکٹرانک کاریں اسمبل کر دیں ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم لوسیڈ کار مینوفیکچرنگ کمپنی کے مشرق وسطیٰ کے مینجنگ ڈائریکٹر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کمپنی نے امریکا سے باہر اپنے پہلے پلانٹ کا افتتاح ستمبر میں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں لگائے گئے اس پلانٹ میں ایک سال کے اندر 5000 الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کی ابتدائی صلاحیت موجود ہے۔
لوسیڈ کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین فیصل سلطان نے کہا کہ الیکٹرک کار مکمل طور پر ایریزونا میں تیار ہوتی ہے اور پھر ڈی اسمبل کر کے مملکت کے پلانٹ پر پہنچتی ہے جہاں اسے دوبارہ اسمبل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدہ کے قریب کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں قائم کی گئی فیکٹری میں کارکن گاڑی کو مکمل طور پر اسمبل کرنے کے بعد بیٹری کو دوبارہ جوڑتے ہیں، ٹائر دوبارہ لگاتے ہیں اور گاڑی کی دوبارہ سے مکمل جانچ کی جاتی ہے۔
سعودی عرب کا خودمختار دولت فنڈ، پبلک انویسٹمنٹ فنڈ لوسیڈ کار پلانٹ میں 60 فیصد سے زیادہ حصص کا مالک ہے اور کمپنی میں اربوں ریال کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ مملکت میں لگائی گئی فیکٹری ہمارے لیے ایک چھوٹا آپریشن ہے اور ہمارا نقطہ نظر اس پلانٹ سے مقامی افراد کو تربیت فراہم کرنا ہے۔لوسیڈ کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین نے بتایا کہ مملکت میں 2026 میں مکمل یونٹ نصب کیا جائے گا ۔