ریاض۔26جنوری (اے پی پی):سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے ایک ہفتے میں 22 ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار کر لیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق غیر قانونی تارکین کے خلاف کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں 16 جنوری سے 22 جنوری 2025 کے درمیان ہوئی ہیںجن میں سے 14260 اقامہ قوانین کی خلاف ورزی،4954 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی جبکہ 3341 تارکین لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ عرصے کے دوران 1700 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے ملک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جن میں سے 42 فیصد یمنی، 56 فیصد ایتھوپی جبکہ دوفیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے پر 24 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔ دوسری جانب سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو کسی بھی قسم کی سہولت فراہم کرنا سنگین جرم ہے جس پر 15 سال قید اور 10 لاکھ ریال جرمانہ ہوسکتا ہے۔