ریاض۔25مارچ (اے پی پی):سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے کہا ہے کہ یہ ان کا سعودی عرب میں پہلا رمضان المبارک ہے اور بہت خوبصورت تجربہ ہے۔ اردو نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وہ ڈنمارک میں تھے اور وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ سعودی عرب میں مسلمان بھائیوں کے ساتھ رمضان المبارک گزارنا ایک مختلف اور بہت اچھا تجربہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی روایات بہت خوبصورت ہیں۔
کچھ دن قبل وہ مدینہ منورہ گئے اور مسجد نبوی میں افطار کیا کی جو ایک منفرد تجربہ تھا ۔ یہاں موجود کئی لوگوں نے مجھے اپنے دستر خوان پر افطار کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کافی محبت اور گرمجوشی محسوس ہوئی، یہ سعودی عرب کی روایتی مہمان نوازی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران لوگ ایک دوسرے کو تحفے دیتے ہیں جو دیگر ممالک میں بہت کم دیکھنے میں آتا ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ روزہ رکھنے کی روحانی کیفیت اور عقیدت پاکستان سے کافی مشاہبت رکھتی ہے۔ رمضا ن المبارک دوستوں اور رشتے داروں کے اکھٹے ہونے اور اللہ سے تعلق جوڑنے کا موقع ہے۔ اس کے علاوہ لوگ اس مہینے میں ضرورت مند افراد کےلیے صدقہ، خیرات اور زکوۃ کرتے ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ یہ پہلو پاکستان اور سعودی عرب دونوں میں مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں رمضان المبارک کے تجربے کے خوشگوار احساسات ہیں اور پاکستان میں بھی ایسے ہی ہوتا ہے۔