سعودی عرب میں سائبر سکیورٹی مارکیٹ 16.3 ارب ریال تک پہنچ گئی

سعودی عرب میں سائبر سکیورٹی مارکیٹ 16.3 ارب ریال تک پہنچ گئی

ریاض۔15اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب میں سائبر سکیورٹی سیکٹر نے تین سال کے دوران نمایاں ترقی کی ہے جس کے باعث اس مارکیٹ کی مالیت 2025 میں 16.3 ارب ریال تک پہنچ گئی۔ اردو نیوز کے مطابق نیشنل سائبرسکیورٹی اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی شعبے میں مارکیٹ کا شیئر 69 فیصد تک پہنچ گیا۔ اخراجات 11.2 ارب ریال تک پہنچے جبکہ سائبر سکیورٹی مصنوعات اور خدمات پر سرکاری شعبے کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوا اور یہ 5.1 ارب ریال تک پہنچ گئے جو مارکیٹ کا 31 فیصد ہے۔

2025 میں سائبر سکیورٹی کے شعبے کا سعودی عرب کی جی ڈی پی میں حصہ 20 ارب ریال رہا جس میں 9.4 ارب ریال براہ راست اور 10.3 ارب ریال بالواسطہ معاشی سرگرمیوں سے حاصل ہوئے۔ یہ حصہ مملکت کی مجموعی قومی پیداوار کا 0.42 فیصد ہے۔ سائبر سکیورٹی میں ماہرین کی تعداد گزشتہ سال 22 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ اس سیکٹر میں افرادی قوت میں سالانہ شرح نمو 5.9 فیصد رہی۔

رپورٹ میں اس اضافے کو خصوصی تربیتی پروگرام اور قومی صلاحیتوں کی ترقی کے لیے اقدامات کا نتیجہ قرار دیا گیا۔ سائبر سکیورٹی سیکٹر میں خواتین کی شمولیت بھی نمایاں رہی جو مجموعی طور پر ماہرین کا 33 فیصد ہیں جبکہ عالمی شرح تقریبا 22 فیصد ہے۔ مارکیٹ میں سائبر سکیورٹی مصنوعات کا حصہ 51 فیصد یعنی 8.3 ارب ریال ،سروسز کا شیئر 49 فیصد ہے۔ اس شعبے کی نمایاں خدمات میں نیٹ ورکنگ اور ڈیٹا سکیورٹی، ڈیوائسز کا تحفظ اور انتظام، سائبرسکیورٹی نظام اور سکیورٹی آپریشنز کے حل شامل ہیں۔