عمران رندھاوا کی سیریز میں چھ وکٹیں، مستقبل میں نئے گیند سے یارکرز اور بائونسرز پر کام کرنے کا عزم

عمران رندھاوا کی سیریز میں چھ وکٹیں، مستقبل میں نئے گیند سے یارکرز اور بائونسرز پر کام کرنے کا عزم

لاہور۔15اکتوبر (اے پی پی):پاکستانی کرکٹرز معاذ صداقت اور محمد عمران رندھاوا نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں اپنی کارکردگی کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عمدہ پرفارم کرنا حوصلہ بڑھاتا ہے۔پی سی بی ڈیجیٹل کے شو میں سابق کپتان سلمان بٹ سے گفتگو کرتے ہوئے معاذ صداقت نے بتایا کہ انہوں نے سری لنکا کے خلاف سیریز میں146 رنز اسکور کئے جبکہ محمد عمران رندھاوا نے چھ وکٹیں حاصل کرکے سیریز کے سب سے کامیاب بولر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔معاذ صداقت کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے پرفارم کرکے بہت حوصلہ ملتا ہے۔

کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کے بعد انہوں نے سوچا تھا کہ اپنے ملک کیلئے بھی اسی طرح کارکردگی دکھائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اننگز کی پہلی گیند سے ہی مثبت سوچ کے ساتھ کھیلتے ہیں اور جب گیند ان کی رینج میں آتی ہے تو جارحانہ شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔محمد عمران رندھاوا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ان کی حکمت عملی،اچھی لائن اور لینتھ برقرار رکھنے کے ساتھ بولنگ میں مختلف ویری ایشنز استعمال کرنا تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں نئے گیند کے ساتھ یارکرز اور بائونسرز پر بھی کام کریں گے تاکہ بولنگ میں مزید بہتری لائی جاسکے۔عمران رندھاوا نے کہا کہ انکی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ وقت گرائونڈ میں گزاریں اور وہ اب بھی کلب کرکٹ کھیلتے ہیں تاکہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔