سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف مہم

145
سعودی عرب میں غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف مہم

ریاض۔3جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’’جوازات‘‘ نے کہاہے کہ گزشتہ ماہ مملکت کے مختلف علاقوں میں قانونِ محنت اور سرحدی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر19 ہزار سے زیادہ فیصلے سنائے گئے۔

ایس پی اے کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رہائش اور قانونِ محنت کی خلاف ورزیوں پرمحکمے کی تفتیشی ٹیموں نے اقامہ ، سرحدی قانون اور محنت کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزیوں کے مرتکب غیرملکی اور سعودی شہریوں کو محکمہ جاتی عدالتوں میں پیش کیا جہاں خلاف ورزیاں ثابت ہونے پر ان کے خلاف ادارہ جاتی فیصلے کئے گئے۔

محکمہ پاسپورٹ نے مزید کہ غیرقانونی طورپر سرحد عبورکرنے والوں کو رہائش ، نقل وحمل یا روزگار کی سہولت فراہم کرنا سخت قانون شکنی ہے۔

اس عمل کے مرتکب خواہ وہ سعودی شہری ہو یا غیرملکی ، ان کو عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔غیرقانونی تارکین وطن کے حوالے سے اطلاع دینے کےلئے جوازات نے مکہ مکرمہ ، ریاض اور مشرقی ریجن کے لئے 911 جبکہ دیگر علاقوں کے لیے 999 نمبر مخصوص کئے ہیں۔