
ریاض ۔25نومبر (اے پی پی):سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں اور ٹرانسپورٹ اداروں کے حقوق و فرائض کا لائحہ عمل جاری کیا گیا ہے۔
سعودی اخبار کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں اور ٹرانسپورٹ اداروں کے حقوق و فرائض کے لئے تیار کر دہ لائحہ عمل میں کہا گیا کہ اگر سفر کا دورانیہ تین گھنٹے سے زیادہ ہو اور مقررہ وقت سے ایک گھنٹے سے زیادہ تاخیر ہو جائے یا سفر منسوخ کر دیا جائے تو ایسی صورت میں مسافروں کو لائٹ ریفریشمنٹ یا مشروبات مفت فراہم کیے جائیں گے۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں بصارت سے محروم افراد کو اپنے ہمراہ ٹرانسپورٹ ادارے کے یہاں رجسٹرڈ پالتو جانور لے جانے کی اجازت ہو گی بشرطیکہ وہ جانور دوسروں کے لیے خطرے کا باعث نہ بنے اور نقل و حرکت اور سلامتی میں رکاوٹ پیدا نہ کر رہے ہوں۔
لائحہ عمل کے تحت مسافروں کو ایسی کوئی چیز ہمراہ نہیں لے جا سکیں گے جن سے بدبو آئے۔ ایسے کھانے بھی ہمراہ لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی جو دوران سفر خراب ہو سکتے ہیں۔نئے لائحہ عمل میں مسافروں کو ایسی کوئی چیز لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی جو دو میٹر سے زیادہ لمبی ہو یا کوئی ایسی چیز جسے لگیج کی جگہ پر رکھنا مشکل ہو۔
ایسی چیز جسے مسافر خود نہ اٹھا سکتا ہو یا ایسی کوئی چیز بھی نہیں لے جائی جا سکتی جس سے آگ لگ سکتی ہو۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں کو کسی بھی قسم کا ہتھیار ہمراہ رکھنے، دھماکہ خیز اشیا، آتش بازی کا سامان، پبلک ٹرانسپورٹ یا دوسروں کی زندگی یا اثاثوں کو نقصان یا خطرے میں ڈالنے والی کوئی بھی چیز لے جانا ممنوع ہے۔
بسوں میں نماز کے لیے مختص جگہ پر سونے، مسافروں کو ریڈیو یا موبائل کے ذریعے پریشان کرنے کی اجازت نہیں۔ نئے لائحہ عمل کے تحت مسافروں کو بس پر سفر کرتے وقت سائیکل لے جانے کی اجازت ہے تاہم اس پر اسے فیس ادا کرنا ہو گی۔