سعودی عرب میں گاڑیوں کی انشورنس فیس میں کمی کا فیصلہ

100

ریاض ۔4ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں گاڑیوں کی انشورنس فیس میں کمی کی جائے گی ۔ مملکت میں انشورنس سیکٹر کے ترجمان عادل العیسی نے ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مرحلے میں گاڑیوں کی انشورنس فیس کم ہوگی تاہم گاڑیوں کی انشورنس فیسوں میں اضافے کے کئی اور اسباب ہیں جن میں بڑا سبب پچاس فیصد افراد کی طرف سے گاڑیوں کی انشورنس نہ کرانا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ 35 وجوہات کی وجہ سے گاڑیوں کی انشورنس کے نرخ متعین ہوتے ہیں جن میں تجربہ سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس کے شعبے میں کمپنیوں کے ایک دوسرے میں ضم ہونے کی کارروائی تیزی سے ہوگی۔ سعودی انشورنس اتھارٹی نے اس حوالے سے گرین سگنل دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی کابینہ انشورنس اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے چکی ہے۔

وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا کہ انشورنس اتھارٹی کا قیام سعودی عرب میں انشورنس سیکٹر کے جدید خطوط پر استوار ہونے اور دائرہ وسیع ہونے کی جہت میں اہم قدم ہے۔انشورنس اتھارٹی سے قومی معیشت میں انشورنس سیکٹر کا حصہ بڑھے گا، نئی ملازمتوں کے موقع پیدا ہوں گے اور نئی سرمایہ کاری ہوگی۔