ریاض۔11جولائی (اے پی پی):سعودی عرب شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات اردن کے تعاون سے غزہ میں فلسطینی متاثرین میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کےلیے ایئر ڈراپ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اردو نیوز کے مطابق گزشتہ روز غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس کے مغرب میں المواصی کے علاقے میں اردن کی مسلح افواج کے تعاون سے امدادی سامان پہنچایا گیا۔ اسرائیل کی قابض افواج کی جانب سے سرحدی گزرگاہوں کو بند کیا گیا ہے جس کے بعد ایئر ڈراپ آپریشن کیا گیا۔
یہ امداد غزہ میں برادر فلسطینی عوام کے لیے انسانی اور امدادی شعبوں میں فلسطین کےلیے سعودی عرب کی تاریخی حمایت کے فریم ورک کے اندر آتی ہے۔ سعودی عرب کی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز کے ذریعے مختلف بحرانوں اور مصائب میں برادر اور دوست ممالک کےلیے مملکت کے انسانی ہمددری کے کردار کا مظہر ہے۔ اس سے قبل شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے کہا تھا کہ سعودی عرب اور اردن نے غزہ میں محصور فلسطینیوں کے کھانے کے لیے 30 ٹن تیار خوراک بھیجی ہے۔ اردن کے ہاشمی چیریٹی آرگنائزیشن (جے ایچ سی او) اور اردن کی ہاشمی مسلح افواج کے ساتھ مل کر ایئر ڈراپ آپریشن کیا گیا۔ مملکت نے 54 طیاروں پر مشتمل ایک ’ایئر برِج‘ اور آٹھ جہازوں پر مشتمل ایک ’سی برِج‘ بھی آپریٹ کیا جو اب بھی کام کر رہا ہے۔