ریاض ۔23نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کا پہلا بحری جہازمتاثرین غزہ کے لئے ایک ہزارٹن سے زائد امدادی سامان لے کر سینا بندرگاہ پر پہنچ گیا ہے ۔
سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات کے تحت غزہ کے متاثرین کے لیے گزشتہ ہفتے سے بحری امدادی مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت پہلا بحری جہاز ایک ہزارٹن سے زائد امدادی سامان لے کر جدہ کی اسلامی بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔
سمندری ذریعے سے امدادی مہم شروع کرنے کا مقصد بڑی تعداد میں ضرورت کا سامان غزہ کے متاثرہ فلسطینیوں تک پہنچانا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کی جاسکے۔ قبل ازیں غزہ متاثرین کے لیے سعودی عرب کی جانب سے فضائی امدادی مہم شروع کی جاچکی ہے جس کا سلسلہ یومیہ بنیاد پر جاری ہے۔ اس حوالے سے اب تک 12 سے زائد طیارے مصر کے العریش ایئرپورٹ پرپہنچے جن کے ذریعے کئی ٹن امدادی سامان غزہ کے متاثرین کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔
العریش ایئرپورٹ پرشاہ سلمان مرکز کے ذمہ داروں کی نگرانی میں امدادی سامان ٹرالرز کے ذریعے غزہ روانہ کیا جاتا ہے۔