سعودی عرب کی خصوصی ٹیموں نے یمن میں مزید 733 بارودی سرنگیں صاف کیں

131
Saudi Arabia
Saudi Arabia

ریاض ۔11دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے تحت مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن میں دسمبر 2023 کے پہلے ہفتے میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید 733 بارودی سرنگیں ناکارہ بنائی ہیں۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے چار اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، 110 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں ، ایک دھماکہ خیز ڈیوائس اور 618 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز صاف کیں۔ ٹیموں نے یمن کے گورنریٹ عدن، الحدیدہ، مارب، شبوہ اور تعز میں بھی بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لیے کارروائیاں کیں۔2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 24 ہزار527 بارودی سرنگوں کو تلف کیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 12 لاکھ سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔جون 2022 میں مسام پروجیکٹ کے معاہدے میں 33.29 ملین ڈالر کی لاگت سے مزید ایک سال کے لیے توسیع کی گئی تھی۔