سعودی عرب کی درآمدات میں پاکستان کے حصے کو بڑھانے کیلئے براہ راست رابطوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے،سعودی کمرشل اتاشی

ایسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان

فیصل آباد۔9مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کے کمرشل اتاشی مبشر عبداللہ الشہری نے کہا ہے کہ پاکستانی اور سعودی تاجروں کے درمیان براہ راست رابطوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ سعودی عرب کی درآمدات میں پاکستان کے حصے کو بڑھایا جا سکے۔ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت سعودی عرب پاکستان کو بڑی مقدار میں تیل برآمد کر رہا ہے جبکہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد بھی سعودی عرب میں خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب کو چاول، فروٹ اور دیگر اشیاکے علاوہ ٹیکسٹائل کی مصنوعات بھی برآمد کر رہا ہے تاہم ان میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جن کا دائرہ کار معیشت تک پھیلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر پاکستان اور سعودی عرب کی دو طرفہ تجارت 3.5ارب ڈالر ہے جن میں بڑا حصہ تیل کا ہے جبکہ اس کے برعکس پاکستان سعودی عرب کو چاول اور گوشت سمیت ٹینٹ وغیرہ برآمد کر رہا ہے۔

انہوں نے فیصل آبا د سے سعودی عرب کیلئے ٹیکسٹائل کی برآمد بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کا ایک وفد سعودی عرب کا دورہ کر چکا ہے جبکہ سعودی تاجروں سے آن لائن میٹنگ بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان باہمی رابطوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔ ڈاکٹر خرم طارق نے سعودی کمرشل اتاشی کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے باضابطہ دورے کی بھی دعوت دی تاکہ وہ فیصل آباد کے تاجروں سے براہ راست ملاقات کر سکیں۔