جنیوا۔19جون (اے پی پی):سعودی عرب نے قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے جاری مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی ہے۔ العربیہ کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندہ (سفیر) عبد المحسن بن خثیلہ نے گزشتہ روز جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے دوران فلسطین اور دیگر مقبوضہ عرب علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا موقف ہمیشہ سے واضح رہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور جامع حل اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی قبضہ ختم نہ کیا جائے اور 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہ کی جائے، جس کا دار الحکومت مشرقی بیت المقدس ہو،
جیسا کہ بین الاقوامی قانونی اصولوں اور عرب امن منصوبے میں بیان کیا گیا ہے۔ سعودی عرب نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جرائم اور علاقے میں بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے اور ان بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرے جن کا مقصد فوری طور پر اس عسکری کشیدگی کو ختم کرنا ہے جو عام شہریوں کے تحفظ اور عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔