سعودی عرب کی مسجد اقصیٰ کے احاطے میں یہودی عبادت گاہ بنانے کے اسرائیلی بیان کی مذمت کردی

90
Saudi Ministry of Foreign Affairs
Saudi Ministry of Foreign Affairs

ریاض ۔27اگست (اے پی پی):سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں یہودی عبادت گاہ بنانے کے اسرائیلی بیان کی شدید مذمت کی ہے۔عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نےان اسرائیلی انتہا پسندانہ اور اشتعال انگیز بیانات اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف جاری اشتعال انگیزی کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔ بیان میں سعودی عرب نے مسجد اقصیٰ کی تاریخی اور قانونی حیثیت کا احترام کرنے کی ضرورت کو دہرایا۔

مملکت نے ایک مرتبہ پھر عالمی برادری سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے، فلسطین میں انسانی تباہی کو ختم کرنے اور بین الاقوامی قوانین، اصولوں اور قراردادوں کی خلاف ورزیوں پر اسرائیلی حکام کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے سنجیدہ میکنزم کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔واضح رہےاسرائیل کے سخت گیر قومی سلامتی کے وزیر اتمار بِن گویر نے ایک مرتبہ پھر مطالبہ کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں یہودیوں کو عبادت کی اجازت دی جائے۔