سعودی عرب کی ویزا درخواستوں کے لیے نیا مشترکہ پلیٹ فارم متعارف

219
Saudi Ministry of Foreign Affairs
Saudi Ministry of Foreign Affairs

ریاض۔21دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ریاض میں ڈیجیٹل گورنمنٹ فورم میں سرکاری طور پر ’کے ایس اے ویزا‘ کے نام سے ویزا درخواستوں کے لیے ایک نئے یونیفائیڈ نیشنل پلیٹ فارم کا اجرا کیا ہے۔ انڈیپنڈنٹ اردو نے سعودی عہدیداروں کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارم مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا استعمال کرتا ہے تاکہ تاریخ کی درست تصدیق اور مجموعی کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ نئے سسٹم کو استعمال کرنے کے لیےksavisa.sa کی ویب سائٹ کا وزٹ کی جا سکتی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ نظام، جو 30 سے زائد وزارتوں، حکام اور نجی شعبے کی تنظیموں سے منسلک ہے، کو حج، عمرہ، سیاحت، کاروبار سے منسلک دوروں اور ملازمت کے لیے ویزا درخواست دینے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ نظام ایک سمارٹ سرچ انجن کا استعمال کرتا ہے تاکہ صارفین کو دستیاب ویزوں کی شناخت میں مدد ملے اور ایک مرکزی نظام جو ویزا کے لیے ضروریات اور درخواست کے طریقہ کار پر تفصیلی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔صارفین مستقبل کی درخواستوں کو آسان بنانے کے لیے ذاتی پروفائل بھی ترتیب دے سکتے ہیں۔