اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):پاکستان اور سعودی عرب کی کاروباری شخصیات نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کو دونوں ممالک کے لئے سود مند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے سرمایہ کار دونوں ممالک میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے، پاکستان سعودیہ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد ایک اہم اقدام ہے۔
اس موقع پر پاکستانی کاروباری شخصیت خالد گجر نے کہا کہ سب سے بہتر اور پر اعتماد فضا تجارت کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے، یہ ایسا شعبہ ہے جس سے دونوں طرف فوائد حاصل ہوتے ہیں اور اس سے تعلقات میں بہتری آتی ہے۔ پاک سعودی انویسٹمنٹ فورم سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مواقع میسرآئیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے جو مواقع پید اہو ر ہے اور حکومت جو مختلف تجاویز لے کر آ رہی ہے اس میں یہاں کے سرمایہ کار بہت زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح وزیراعظم عمران خان نے تاجروں کے لئے جو پالیسیاں بنائی ہیں کہ تاجر’ ون ونڈو ‘سے اپنی کمپنی رجسٹرڈ کرواسکتے ہیں۔
اس فورم کے ذریعے سرمایہ کاروں کے خدشات وزیراعظم اور ان کی ٹیم تک پہنچیں گے۔ یہ ایک ایسا فورم ہے ہمیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہتر مواقع پیدا کررہا ہے تاکہ سرمایہ کار دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے سہولت محسوس کریں۔خالدراجہ نے کہا کہ فورم وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی سفارتخانے کا ایک بہترین اقدام ہے۔
اس طرح کے فورمز کا انعقاد ہونا چاہیے۔ لوگ ایک دوسرے سے ملیں گے تو انہیں ایک دوسرے کے ممالک میں سرمایہ کاری کے لئے مواقع سے آگاہی ہوگی۔ سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت بہت زیادہ مواقع آ رہے ہیں۔ تعمیراتی ، کیمیکل اور صنعتی شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع پیداہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہاں پر سرمایہ کاری کرنے والوں کو معاونت فراہم کرسکتے ہیں۔ انہیں سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے لئے جو معلومات درکار ہوں انہیں فراہم کر سکتے ہیں جبکہ ہم دونوں ممال کے درمیان پل کا کردار بھی ادا کرسکتے ہیں۔
انجینئر غلام صفدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دورہ سعودی عرب مفید ثابت ہو گا۔ اس دورے سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے لئے مواقعوں سے آگاہی میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وژن 2030 کے تحت میسر آنے والے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے سرمایہ کاری کریں۔ ہم پاکستانی سرمایہ کاروں کا یہاں خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی ہرممکن رہنمائی کریں گے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں لائسنس کے حصول میں آسانیاں ہیں ۔ ہم حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے آنے والوں کو ایسی ہی سہولیات دی جائیں تاکہ تارکین وطن سمیت غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں آ کر سرمایہ کاری کر سکیں۔سعودی بزنس مین سلطان صالح السدیس نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دیرینہ اور طویل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کاسعودی عرب کا دورہ انتہائی اہمیت کاحامل ہے، اس سے دونوں ممالک کے لئے کثیر مواقع میسر آئیں گے۔ اس سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دوقالب ہیں۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی تعمیر و ترقی میں مد د کی ہے۔