ریاض ۔27اگست (اے پی پی):سعودی عرب میں امریکی سفیر مائیکل رتنی نے کہا ہے کہ مملکت کے ساتھ تاریخ ساز معاہدے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ العربیہ کے مطابق انہوں نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب اور امریکا متعدد معاہدوں پر مل کر کام کر رہے ہیں جن میں تزویراتی شراکت داری اور فوجی معاہدوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان …
سعودی عرب کے ساتھ تاریخ ساز معاہدے کے لیے کام کر رہے ہیں، امریکا
ریاض ۔27اگست (اے پی پی):سعودی عرب میں امریکی سفیر مائیکل رتنی نے کہا ہے کہ مملکت کے ساتھ تاریخ ساز معاہدے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ العربیہ کے مطابق انہوں نے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب اور امریکا متعدد معاہدوں پر مل کر کام کر رہے ہیں جن میں تزویراتی شراکت داری اور فوجی معاہدوں کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا اور اقتصادی تعلقات کو تقویت دینا شامل ہے جو ایک آزاد فلسطینی ریاست کے لیے ایک قابل اعتماد راستے کی طرف لے جائے گا۔
امریکی سفیر نے کہا کہ ہم اس معاہدے کے بہت ہی اہم عناصر کے انتہائی قریب آ چکے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ ہم اس کو مل کر حتمی شکل دیں،یہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان ایک تاریخ ساز معاہدہ ہو گا۔اگرچہ مائیکل رتنی نے معاہدوں کے پیکج کو حتمی شکل دینے کے لیے کسی مخصوص ٹائم فریم کا تذکرہ نہیں کیا لیکن انھوں نے اس کی جلد تکمیل کی خواہش کا اظہار کیا۔امریکی سفیر نے کہا کہ ہم ایک پیچیدہ خطے میں ہیں اور خود معاہدے میں بہت سی پیچیدگیاں ہیں لیکن ہم اسے جلد از جلد مکمل کریں گے۔








