لاہورمیں کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف ای چالان کے ذریعے وارننگ کا آغاز
لاہورمیں کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف ای چالان کے ذریعے وارننگ کا آغاز

مزید خبریں
لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):لاہور میں کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف ای چالان کے ذریعے وارننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ترجمان کے مطابق شہر لاہور میں صفائی برقرار رکھنے کے لیے ستھرا پنجاب لاہور نے بڑا اقدام لیتے ہوئے شہر بھر میں اینٹی لٹرنگ سکواڈ کے ذریعے ای چالان کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے لبرٹی چوک میں باقاعدہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)علی اعجاز، سی ای او شہریار عارف خان نے خصوصی شرکت کی۔ڈی سی لاہور اورسی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کی اینٹی لٹرنگ اسکواڈ بارے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کی سڑکوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں ستھرا پنجاب اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کے دستے گشت پرتعینات ہوں گے،کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کیخلاف پہلی بار کاروائی کی بجائے وارننگ اور آگاہی دی جائے گی جبکہ صفائی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 اور ستھرا پنجاب اتھارٹی ایکٹ 2026 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کوڑا کرکٹ سڑکوں پر پھینکنے اور جلانے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے پر 1,000 روپے سے لے کر 10,000 روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔گھر،دکان یا فیکٹری کے باہر صفائی نہ رکھنے پر1,000 روپے سے لیکر 50,000 روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔دکانوں اور شاپنگ مالز میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز پر 1,000 روپے سے 2,000 روپے تک جرمانہ ہونگے۔کوڑے کو آگ لگانے پرایک سے 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور2 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔فیکٹری یا انفرادی طور پر ٹائر جلانے پر5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور7 سال تک قید ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام جرمانوں کی رقم صرف بینکنگ یا ڈیجیٹل طریقہ کار سے جمع کروائی جا سکے گی،کسی بھی اہلکار کو نقد رقم جمع کروانے پر مکمل پابندی عائد ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کا مقصد شہر کو ویسٹ فری بنانا ہے،شہریوں کو کوڑا کرکٹ کی محفوظ منتقلی اور قوانین سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔







