ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر، منظم اور عوام دوست بنایا جائے ، کمشنر راولپنڈی
ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر، منظم اور عوام دوست بنایا جائے ، کمشنر راولپنڈی

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 01 ستمبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی سلمان غنی کی زیر صدارت ستھرا پنجاب اتھارٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر راولپنڈی آفس میں منعقدہ اس اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیہ ہمایوں، ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی و دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز جہلم، مری، اٹک اور چکوال نے سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کو مزید مؤثر، منظم اور عوام دوست بنایا جائے اور صفائی کے معیار میں بہتری کے لیے بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (میونسپل سروسز )کے آنے کے بعد صفائی کی صورتحال میں واضح فرق نظر آنا چاہئے۔ عوامی خدمت کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہوئےافسران فیلیڈ میں موجود رہ کر صفائی کے معاملات کی براہ راست نگرانی کریں۔کمشنر راولپنڈی نے واضح کیا کہ صفائی کے عملے کی حاضری مکمل اور لازمی ہونی چاہیے۔ ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی ہو۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ویسٹ انکلوژر اور ٹرانسفر اسٹیشنز کے باہر باؤنڈری وال کے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ کھلے مقامات پر کچرے کے ڈھیر نہ بنیں۔ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رکھا جائے، جہاں سے صفائی کے نظام، شکایات، فیلڈ آپریشنز اور گاڑیوں کی نگرانی کی جا سکے۔
کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ سیف سٹی کو ستھرا پنجاب کے نظام کے ساتھ مربوط کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے ویسٹ انکلوژرز سے باہر موجود کچرے کی نشاندہی کی جائے گی۔ نشاندہی ہونے والے مقامات پر فوری کارروائی کی جائے اور صفائی مکمل ہونے تک فیلڈ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ویسٹ کنٹینرز مناسب مقامات پر رکھے جائیں، کنٹینرز معیاری، صاف ستھرے اور قابل استعمال حالت میں ہونے چاہئیں۔ خراب یا ناکافی کنٹینرز کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔اجلاس میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راولپنڈی میں 3400 نئے ویسٹ ڈرمز نصب کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کچرا پھینکنے کے لیے سہولت میسر ہو۔ کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ راولپنڈی میں کلوزڈ ڈرینز کی جیو ٹیگنگ کی جائے۔
مزید کہا کہ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) ہاؤسنگ سوسائٹیز کے ساتھ رابطہ کاری میں کردار ادا کرے تاکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز اپنے علاقوں سے پیدا ہونے والے ویسٹ کی مناسب تلفی کے لیے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کریں تاکہ کچرے کی کلیکشن اور ڈسپوزل کا مستقل اور مؤثر نظام قائم ہو سکے۔ راولپنڈی کینٹونمنٹ بورڈ، چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ اور واہ کنٹونمنٹ بورڈ کو بھی صفائی کے مربوط نظام میں شامل کیا جائے تاکہ تمام شہری علاقوں میں صفائی کا یکساں معیار برقرار رکھا جا سکے۔







