سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو الجزائر کے صدر کا تحریری پیغام،باہمی دو طرفہ روابط مضبوط اور شعبہ جاتی تعاون کے فروغ کے طریقوں پر بات کی گئی

214

ریاض۔31جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو الجزائر کے صدر عبدالمجید تیبون کی طرف سے ایک تحریری پیغام موصول ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے دونوں برادر ملکوں میں روابط مضبوط کرنے کے لیے عوامی سطح اور مختلف شعبوں میں پر تعاون کو بڑھانے کے طریقوں پر بات کی گئی۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پیغام سعودی نائب وزیر خارجہ انجینئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے گزشتہ روز وزارت کے ہیڈ کوارٹر ز میں اپنے استقبالیہ کے دوران الجزائر کی وزارت خارجہ میں عرب ممالک کے لیے جنرل ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر سفیر نورالدین خندودی سے وصول کیا۔

استقبالیہ کے دوران انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں اور مشترکہ تشویش کے امور بارے تبادلہ خیال کیا۔ استقبالیہ میں مملکت میں الجزائر کے سفیر ڈاکٹر محمد علی بوغازی نے بھی شرکت کی۔