بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے،محرومیوں کودور کریں گے،وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔31جنوری (اے پی پی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، معاشی ترقی اور نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرکےبلوچستان کی محرومیوں کو دور کریں گے۔منگل کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور سینیٹر ثنا جمالی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔قائم مقام گورنر بلوچستان جان محمد جمالی اور سینیٹر ثنا جمالی نے بلوچستان کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت کے اقدامات اور گوادر بندرگاہ کو مزید فعال بنانے کیلئے احکامات پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔