"وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ترکیہ پاکستان کی ریلوے جدید کاری اور صنعتی ترقی میں ایک اہم اسٹریٹجک ٹیکنالوجی پارٹنر ہے، جبکہ دونوں برادر ممالک ریلوے ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری میں طویل مدتی تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔”
ترکیہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری اور صنعتی ترقی میں ایک اہم اسٹریٹجک ٹیکنالوجی پارٹنر ہے ، وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی

مزید خبریں
اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ترکیہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری اور صنعتی ترقی میں ایک اہم اسٹریٹجک ٹیکنالوجی پارٹنر ہے اور دونوں برادر ممالک ریلوے ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری میں طویل مدتی تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکیہ کے شہروں ساکاریا میں توراساس اور ایسل سان کے دورے کے موقع پر ترک حکام سے تبادلہ خیال کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ہفتہ کے روز ترکیہ کے شہروں ساکاریا، توراساس اور ایسل سان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان ریلوے کی جدید کاری کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ مینوفیکچرنگ اور ڈیجیٹل تبدیلی کے مواقع کا جائزہ لیا۔ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر نے دونوں ترک اداروں کے استعمال میں آنے والی جدید ریلوے ٹیکنالوجیز، مینوفیکچرنگ سہولیات اور ڈیجیٹل سسٹمز کا جائزہ لیا۔یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق دورے کے دوران ترکیہ کے نائب وزیرِ نقل و حمل عثمان بویراز، توراساس کے ڈائریکٹر جنرل سلیم کوچبائے، ٹی سی ڈی ڈی تاشیماجلیک کے ڈائریکٹر جنرل اوفوک یالچن، ساکاریا کے ڈپٹی گورنر اور ایسل سان کے سینئر عہدیداران نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا اور انہیں ریلوے مینوفیکچرنگ، سگنلنگ، مواصلات اور سمارٹ ٹرانسپورٹیشن ٹیکنالوجیز میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔وفد نے جدید مسافر کوچز، لوکوموٹیوز، الیکٹرک ملٹیپل یونٹس، ڈیزل ملٹیپل یونٹس، فریٹ ویگنز اور جدید پیداوار کے نظام کا معائنہ کیا۔انہوں نے تحقیقی و ترقیاتی مراکز، کوالٹی کنٹرول سہولیات اور جدید ریلوے انفراسٹرکچر یونٹس کا بھی دورہ کیا۔دونوں فریقوں نے ٹیکنالوجی کی منتقلی، مشترکہ مینوفیکچرنگ اور پاکستان ریلوے کے رولنگ اسٹاک کی جدیدیت میں تعاون پر بات چیت کی۔انہوں نے جدید سگنلنگ، ٹیلی کمیونیکیشنز، سائبر سیکیورٹی، خودکار ٹرین کنٹرول سسٹمز اور انٹیلیجنٹ ریلوے ٹیکنالوجیز میں تعاون کے امکانات بھی تلاش کئے ۔بات چیت میں اسلام آباد کیریج فیکٹری اور پاکستان ریلوے کی ورکشاپس کو جدید ٹیکنالوجیز سے اپ گریڈ کرنے اور الیکٹرانک ریلوے آلات کی مقامی مینوفیکچرنگ اور پیداوار کو فروغ دینے کی تجاویز بھی شامل تھیں۔اس موقع پرحنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ڈیجیٹل تبدیلی، جدید ٹریفک مینجمنٹ، فائبر آپٹک کمیونیکیشن سسٹمز اور محفوظ ریلوے آپریشنز حکومت کی اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو جدید ٹیکنالوجیز اپنانے کے ذریعے ایک زیادہ مؤثر، محفوظ اور مسابقتی ادارہ بنایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل۔1 اور ایم ایل۔3 منصوبوں کے ساتھ ساتھ اسلام آباد۔تہران۔استنبول فریٹ کوریڈور کے کامیاب نفاذ کے لیے جدید ریلوے ٹیکنالوجی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سگنلنگ اور کمیونیکیشن سسٹمز علاقائی رابطہ کاری کو مضبوط بنائیں گے اور فریٹ آپریشنز کو بہتر بنائیں گے۔دونوں فریقوں نے انجینئرز کی تربیت، تکنیکی مہارت کے تبادلے، تحقیق، سائبر سیکیورٹی اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا اور یقین کا اظہار کیا کہ یہ شراکت داری پاکستان ریلوے کی تکنیکی اور ادارہ جاتی صلاحیت کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گی۔حنیف عباسی نے کہا کہ ترکیہ پاکستان ریلوے کی جدید کاری اور صنعتی ترقی میں ایک اہم اسٹریٹجک ٹیکنالوجی پارٹنر ہے اور دونوں برادر ممالک ریلوے ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری میں طویل مدتی تعاون کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں ۔







