"وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی دہشت گردی کے خلاف ریاستی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔”
پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی تمام سازشیں ناکام بنائی جائیں گی، شاہد رند

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 01 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ نوشکی میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی دہشت گردی کے خلاف ریاستی عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا واضح ثبوت ہے۔
کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گرد، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، ہلاک کیے گئے۔شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بروقت نشاندہی، نگرانی اور مؤثر کارروائی کے ذریعے مکمل طور پر تباہ کیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد بھی موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔ انہوں نے اس کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ خدمات پر فخر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی تمام سازشیں ناکام بنائی جائیں گی۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ معاونِ خصوصی نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے اور ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ شاہد رند نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان دہشت گردی کے خلاف قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور صوبے میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔







