اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر حج ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ نے حج انتظامات سے متعلق نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کو ان کی بہترین اور فعال کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
بدھ کو سعودی سفارتخانہ کے ذریعے ملنے والے خط میں وزیر مذہبی امور انیق احمد اور ان کی ٹیم کو ایوارڈ جیتنے پر باضابطہ مبارکباد پیش کی گئی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جدہ میں منعقدہ عالمی حج کانفرنس کے موقع پر پاکستان حج مشن کو بہترین اور فعال حج مشن کا ایوارڈ پیش کیا گیا تھا۔
سعودی وزیر حج نے اپنے مکتوب میں پاکستانی ہم منصب کو حجاج کیلئے خدمات کے معاہدات 25 فروری سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ پاکستان حجاج کی ٹرانسپورٹ، مکاتب، خوراک ، رہائش ، فضائی ٹکٹ اور دیگر خدمات کے معاہدات 25 فروری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن کے ساتھ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ خدمات کی فراہمی کی ذمہ دار کمپنیوں کے ساتھ سعودی ’’ای-حج ‘‘ کے ذریعے تمام معاہدات بروقت مکمل کیے جائیں ۔
سعودی وزیر حج ڈاکٹر توفیق نے خادم حرمین شریفین کی سرپرستی میں پاکستانی زائرین کیلئے بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔